قسم ہے رات کی جبکہ وہ چھا جائے ،

اور دن کی جبکہ وہ روشن ہو ،

اور اُس ذات کی جس نے نر اور مادہ کو پیدا کیا،

درحقیقت تم لوگوں کی کوششیں مختلف قسم کی ہیں۔ 1

تو جس نے (راہِ خدا میں) مال دیا اور (خدا کی نافرمانی سے) پرہیز کیا،

اور بھلائی کو سچ مانا، 2

اس کو ہم آسان راستے کے لیے سہُولت دیں گے۔ 3

اور جس نے بُخل کیا اور (اپنے خدا سے) بے نیازی برتی

اور بَھلائی کو جھُٹلایا، 4

اس کو ہم سخت راستے کے لیے سہُولت دیں گے۔ 5

اور اُس کا مال آخر اُس کے کس کام آئے گا جبکہ وہ ہلاک ہو جائے؟ 6

بے شک راستہ بتانا ہمارے ذمّہ ہے، 7

اور درحقیقت آخرت اور دنیا، دونوں کے ہم ہی مالک ہیں۔ 8

پس میں نے تم کو خبر دار کر دیا ہے بھڑکتی ہوئی آگ سے۔

اُس میں نہیں جھُلسے گا مگر وہ انتہائی بد بخت

جس نے جھُٹلا یا اور مُنہ پھیرا۔

اور اُس سے دُور رکھا جائے گا وہ نہایت پرہیز گار

جو پاکیزہ ہونے کی خاطر اپنا مال دیتا ہے۔ 9

اُس پر کسی کا کوئی احسان نہیں ہے جس کا بدلہ اُسے دینا ہو۔

وہ تو صرف اپنے ربِّ برتر کی رضا جوئی کے لیے یہ کام کرتا ہے۔ 10

اور ضرور وہ (اُس سے) خوش ہوگا۔ 11 ؏۱