جب آسمان پھٹ جائے گا
اور اپنے ربّ کے فرمان کی تعمیل کرے گا 1 اور اُس کے لیے حق یہی ہے (کہ اپنے ربّ کا حکم مانے)۔
اور جب زمین پھیلا دی جائے گی 2
اور جو کچھ اس کے اندر ہے اُسے باہر پھینک کر خالی ہو جائے گی 3
اور اپنے ربّ کے حکم کی تعمیل کرے گی اور اُس کے لیے حق یہی ہے ( کہ اس کی تعمیل کرے)۔4
اے انسان، تُو کشاں کشاں اپنے ربّ کی طرف چلا جا رہا ہے 5 اور اُس سے ملنے والا ہے۔
پھر جس کا نامہٴ اعمال اُس کے سیدھے ہاتھ میں دیا گیا،
اُس سے ہلکا حساب لیا جائے گا 6
اور وہ اپنے لوگوں کی طرف خوش خوش پلٹے گا۔ 7
رہا وہ شخص جس کا نامہٴ اعمال اُس کی پیٹھ کے پیچھے دیا جائے گا 8
تو وہ موت کو پکارے گا
اور بھڑکتی ہوئی آگ میں جا پڑے گا۔
وہ اپنے گھر والوں میں مگن تھا۔ 9
اُس نے سمجھا تھا کہ اسے کبھی پلٹنا نہیں ہے ۔
پلٹناکیسے نہ تھا، اُس کا ربّ اُس کے کرتُوت دیکھ رہا تھا۔ 10
پس نہیں، میں قسم کھاتا ہوں شفق کی ،
اور رات کی اور جو کچھ وہ سمیٹ لیتی ہے ،
اور چاند کی جب کہ وہ ماہِ کامل ہو جاتا ہے،
تم کو ضرور درجہ بدرجہ ایک حالت سے دوسری حالت کی طرف گزرتے چلے جانا ہے۔ 11
پھر اِن لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ یہ ایمان نہیں لاتے
اور جب قرآن اِن کے سامنے پڑ ھا جاتا ہے تو سجدہ نہیں کرتے؟ 12 السجدة
بلکہ یہ منکرین تو اُلٹا جھُٹلاتے ہیں،
حالانکہ جو کچھ یہ ( اپنے نامہٴ اعمال میں) جمع کر رہے ہیں اللہ اُسے خوب جانتا ہے۔ 13
لہٰذا اِن کو دردناک عذاب کی بشارت دے دو۔
البتہ جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں ان کے لیے کبھی ختم نہ ہونے والا اجر ہے۔ ؏۱