اللہ کی تسبیح کر رہی ہے ہر وہ چیز جو آسمانوں میں ہے اور ہر وہ چیز جو زمین میں ہے ۔۔۔۔ بادشاہ ہے، قُدُّوس ہے، زبردست اور حکیم ہے۔ 1
وُہی ہےجس نے اُمّیوں 2 کے اندر ایک رسُول خود اُنہی میں سے اُٹھایا ، جو اُنہیں اُس کی آیات سناتا ہے، اُن کی زندگی سنوارتا ہے، اور اُن کو کتاب اور حکمت کی تعلیم دیتا ہے۔ 3 حالانکہ اِس سے پہلے وہ کُھلی گمراہی میں پڑے ہوئے تھے۔ 4
اور (اس رسُول کی بعثت) اُن دوسرے لوگوں کے لیے بھی ہے جو ابھی اُن سے نہیں ملے ہیں۔ 5 اللہ زبردست اور حکیم ہے۔ 6
یہ اس کا فضل ہے ، جسے چاہتا ہے دیتا ہے، اور وہ بڑا فضل فرمانے والا ہے۔
جن لوگوں کو توراة کا حامل بنایا گیا تھا مگر انہوں نے اس کا بار نہ اُٹھایا، 7 اُن کی مثال اُس گدھے 8 کی سی ہے جس پر کتابیں لدی ہوئی ہوں۔ اِس سے بھی زیادہ بُری مثال ہےاُن لوگوں کی جنہوں نے اللہ کی آیات کو جُھٹلا دیا ہے۔ 9 ایسے ظالموں کو اللہ ہدایت نہیں دیا کرتا۔
اِن سےکہو، ”اے لوگو جو یہودی بن گئے ہو، 10 اگر تمہیں یہ گھمنڈ ہے کہ باقی سب لوگوں کو چھوڑکر بس تم ہی اللہ کے چہیتے ہو 11 تو موت کے تمنّا کرو اگر تم اپنے اِس زَعم میں سچے ہو“۔ 12
لیکن یہ ہر گز اس کی تمنّا نہ کریں گے اپنے کرتُوتوں کی وجہ سے جو یہ کر چکے ہیں، 13 اور اللہ اِن ظالموں کوخُوب جانتا ہے۔
اِن سے کہو،”جس موت سے تم بھاگتے ہو وہ تو تمہیں آکر رہے گی۔ پھر تم اس کے سامنے پیش کیے جاؤ گے جو پوشیدہ و ظاہر کا جاننے والا ہے، اور وہ تمہیں بتا دے گا کہ تم کیا کچھ کرتے رہے ہو۔ ؏۱
اے لوگو جو ایمان لائے ہو، جب پکارا جائے نماز کے لیے جمعہ کے دن14 تو اللہ کے ذکر کی طرف دوڑو اور خریدو فروخت چھوڑ دو، 15 یہ تمہارے لیے زیادہ بہتر ہے اگر تم جانو۔
پھر جب نماز پوری ہو جائے تو زمین میں پھیل جاؤ اور اللہ کا فضل تلاش کرو۔ 16 اور اللہ کو کثرت سے یاد کرتے رہو، 17 شاید کہ تمہیں فلاح نصیب ہو جائے۔ 18
اور جب انہوں نے تجارت اور کھیل تماشا ہوتے دیکھا تو اس کی طرف لپک گئے اور تمہیں کھڑا چھوڑ دیا۔ 19 ان سے کہو، جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ کھیل تماشے اور تجارت سے بہتر ہے۔ 20 اور اللہ سب سے بہتر رزق دینے والا ہے۔ 21 ؏۲