جب زمین اپنی پُوری شدّت کے ساتھ ہلا ڈالی جائے گی، 1
اور زمین اپنے اندر کے سارے بوجھ نکال کر باہر ڈال دے گی، 2
اور انسان کہے گا کہ یہ اِس کو کیا ہو رہا ہے، 3
اُس روز وہ اپنے (اُوپر گزرے ہوئے) حالات بیان کرے گی، 4
کیونکہ تیرے ربّ نے اُسے (ایسا کرنے کا) حکم دیا ہوگا۔
اُس روز لوگ متفرق حالت میں پلٹیں گے 5 تاکہ اُن کے اعمال اُن کو دکھائے جائیں۔ 6
پھر جس نے ذرّہ برابر نیکی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا،
اور جس نے ذرّہ برابر بدی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا۔ 7 ؏۱