قسم ہے روزِ روشن کی 1
اور رات کی جبکہ وہ سکون کے ساتھ طاری ہو جائے 2
(اے نبیؐ) تمہارے ربّ نے تم کو ہر گز نہیں چھوڑا اور نہ وہ ناراض ہوا۔ 3
اور یقیناً تمہارے لیے بعد کا دور پہلے دور سے بہتر ہے، 4
اور عنقریب تمہارا ربّ تم کو اتنا دے گا کہ تم خوش ہو جاوٴ گے۔ 5
کیا اُس نے تم کو یتیم نہیں پایا اور پھر ٹھِکانا فراہم کیا؟ 6
اور تمہیں ناواقفِ راہ پایا اور پھر ہدایت بخشی۔ 7
اور تمہیں نادار پایا اور پھر مالدار کر دیا۔ 8
لہٰذا یتیم پر سختی نہ کرو، 9
اور سائل کو نہ جھِڑکو، 10
اور اپنے ربّ کی نعمت کا اظہار کرو۔ 11 ؏۱