قسم ہے آسمان کی اور رات کو نمودار ہونے والے کی۔
اور تم کیا جانو کہ وہ رات کو نمودار ہونے والا کیا ہے؟
چمکتا ہوا تارا۔
کوئی جان ایسی نہیں ہے جس کے اوپر کوئی نگہبان نہ ہو۔ 1
پھر ذرا انسان یہی دیکھ لے کہ وہ کِس چیز سے پیدا کیا گیا ہے۔ 2
ایک اُچھلنے والے پانی سے پیدا کیا گیا ہے
جو پیٹھ اور سینے کی ہڈیوں کے درمیان سے نکلتا ہے۔ 3
یقیناً وہ (خالق) اُسے دوبارہ پیدا کرنے پر قادر ہے۔ 4
جس روز پوشیدہ اسرار کی جانچ پڑتال ہوگی5
اُس وقت انسان کے پاس نہ خود اپنا کوئی زور ہوگا اور نہ کوئی اس کی مدد کرنے والا ہوگا۔
قسم ہے بارش برسانے والے آسمان کی 6
اور (نباتات اُگتے وقت) پھَٹ جانے والی زمین کی،
یہ ایک جچی تُلی بات ہے،
ہنسی مذاق نہیں ہے۔ 7
یہ لوگ کچھ چالیں چل رہے ہیں 8
اور میں بھی ایک چال چل رہا ہوں۔ 9
پس چھوڑ دو اے نبیؐ ، اِن کافروں کو اِک ذرا کی ذرا اِن کے حال پر چھوڑ دو۔ 10 ؏۱