قسم ہے اُن (ہواوٴں) کی جو پے درپے بھیجی جاتی ہیں،
پھر طوفانی رفتار سے چلتی ہیں
اور (بادلوں کو )اُٹھا کر پھیلاتی ہیں،
پھر ( اُن کو)پھاڑ کر جُدا کرتی ہیں،
پھر (دلوں میں خدا کی)یاد ڈالتی ہیں،
عُذر کے طور پر یا ڈراوے کے طور پر، 1
جس چیز کا تم سے وعدہ کیا جا رہا ہے 2 وہ ضرور واقع ہونے والی ہے۔ 3
پھر جب ستارے ماند پڑ جائیں گے، 4
اور آسمان پھاڑ دیا جائے گا، 5
اور پہاڑ دُھنَک ڈالے جائیں گے،
اور رسُولوں کی حاضری کا وقت آپہنچے گا 6 (اس روز وہ چیز واقع ہوجائے گی)۔
کِس روز کے لیے کام اُٹھا رکھا گیا ہے؟
فیصلے کے روز کے لیے ۔
اور تمہیں کیا خبر کہ وہ فیصلے کا دن کیا ہے؟
تباہی ہے اُس دن جُھٹلانے والوں کے لیے۔ 7
یا ہم نے اگلوں کو ہلاک نہیں کیا؟ 8
پھر اُنہی کے پیچھے ہم بعد والوں کو چلتا کریں گے۔ 10
مجرموں کے ساتھ ہم یہی کچھ کیا کرتے ہیں۔
تباہی ہے اُس دن جھُٹلانے والوں کے لیے۔ 11
کیا ہم نے ایک حقیر پانی سے تمہیں پیدا نہیں کیا
اور اُسے ایک محفوظ جگہ ٹھہرائے رکھا؟
ایک مقرر مدت تک 12
تو دیکھو، ہم اِس پر قادر تھے ، پس ہم بہت اچھی قدرت رکھنے والے ہیں ۔ 13
تباہی ہے اُس روز جھُٹلانے والوں کے لیے۔ 14
کیا ہم نے زمین کو سمیٹ کر رکھنے والی نہیں بنایا،
زندوں کے لیے بھی اور مُردوں کے لیے بھی،
اور اس میں بلند و بالا پہاڑ جمائے، اور تمہیں میٹھا پانی پلایا؟ 15
تباہی ہے اُس روز جھُٹلانے والوں کے لیے۔ 16
17 چلو اب اُسی چیز کی طرف جسے تم جھُٹلایا کرتے تھے ۔
چلو اُس سائے کی طرف جو تین شاخوں والا ہے، 18
نہ ٹھنڈک پہنچانے والا اور نہ آگ کی لَپَٹ سے بچانے والا۔
وہ آگ محل جیسی بڑی بڑی چِنگاریاں پھینکے گی
(جو اُچھلتی ہوئی یُوں محسُوس ہوں گی) گویا کہ وہ زرد اُونٹ ہیں۔ 19
تباہی ہے اُس روز جھُٹلانے والوں کے لیے۔
یہ وہ دن ہے جس میں وہ نہ کچھ بولیں گے
اور نہ اُنہیں موقع دیا جائے گا کہ کوئی عُذر پیش کریں۔ 20
تباہی ہے اُس دن جھُٹلانے والوں کے لیے۔
یہ فیصلے کا دن ہے۔ ہم نے تمہیں اور تم سے پہلے گزرے ہوئے لوگوں کو جمع کر دیا ہے۔
اب اگر کوئی چال تم چل سکتے ہو تو میرے مقابلہ میں چل دیکھو۔ 21
تباہی ہے اُس دن جھُٹلانے والوں کے لیے ۔ ؏۱
22متقی لوگ آج سایوں اور چشموں میں ہیں
اور جو پھل وہ چاہیں (اُن کے لیے حاضر ہیں)۔
کھاوٴ اور پیو مزے سے اپنے اُن اعمال کے صلے میں جو تم کرتے رہے ہو۔
ہم نیک لوگوں کو ایسی ہی جزا دیتے ہیں۔
تباہی ہے اُس روز جھُٹلانے والوں کے لیے۔ 23
24 کھالو اور مزے کر لو تھوڑے دن۔ 25 حقیقت میں تم لوگ مجرم ہو۔
تباہی ہے اُس روز جھُٹلانے والوں کے لیے۔
جب اِن سے کہا جاتا ہے کہ (اللہ کے آگے) جُھکو تو نہیں جُھکتے۔ 26
تباہی ہے اُس روز جھُٹلانے والوں کے لیے۔
اب اِس (قرآن)کے بعد اور کونسا کلام ایسا ہو سکتا ہے جس پر یہ ایمان لائیں؟27 ؏۲