اللہ کی تسبیح کر رہی ہے ہر وہ چیز جو آسمانوں میں ہے اور ہر وہ چیز جو زمین میں ہے۔ 1 اُسی کی بادشاہی ہے 2 اور اُسی کے لیے تعریف ہے 3 اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ 4

وہی ہے جس نے تم کو پیدا کیا ،پھر تم میں سے کوئی کافر ہے اور کوئی مومن، 5 اور اللہ وہ سب کچھ دیکھ رہا ہے جو تم کرتے ہو۔ 6

اُس نے زمین اور آسمانوں کو برحق پیدا کیا ہے، اور تمہاری صورت بنائی اور بڑی عمدہ بنائی ہے، اور اُسی کی طرف آخر کار تمہیں پلٹنا ہے۔ 7

زمین اور آسمانوں کی ہر چیز کا اُسے علم ہے ۔ جو کچھ تُم چُھپاتے ہو اور جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو 8 سب اُس کو معلوم ہے، اور وہ دلوں کا حال تک جانتا ہے۔ 9

کیا تمہیں اُن لوگوں کی کوئی خبر نہیں پہنچی جنہوں نے اِس سے پہلے کُفر کیا اور پھر اپنی شامتِ اعمال کا مزہ چکھ لیا؟ اور آگے اُن کے لیے ایک درد ناک عذاب ہے۔ 10

اِس انجام کے مستحق وہ اس لیے ہوئے کہ اُن کے پاس اُن کے رسوُل کُھلی کُھلی دلیلیں اور نشانیاں لے کر آتے رہے،11 مگر اُنہوں نے کہا”کیا انسان ہمیں ہدایت دیں گے“؟ 12 اس طرح انہوں نے ماننے سے انکار کر دیا اور منہ پھیر لیا، تب اللہ بھی ان سے بے پرواہ ہو گیا اور اللہ تو ہے ہی بے نیاز اور اپنی ذات میں آپ محمود۔ 13

مُنکرین نے بڑے دعوے سے کہا ہے کہ وہ مرنے کے بعد ہر گز دوبارہ نہ اُٹھائے جائیں گے۔ 14 ان سے کہو”نہیں، میرےرب کی قسم تم ضرور اُٹھائے جاؤ گے، 15 پھر ضرور تمہیں بتایا جائے گا کہ تم نے (دنیا میں)کیا کچھ کیا ہے، 16 اور ایسا کرنا اللہ کے لیے بہت آسان ہے۔“ 17

پس ایمان لاؤ اللہ پر، اور اُس کے رسُول پر ، اور اُس روشنی پر جو ہم نے نازل کی ہے۔ 18 جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اُس سے باخبر ہے۔

(اِس کا پتہ تمہیں اُس روز چل جائے گا) جب اجتماع کے دن وہ تم سب کواکٹھا کرے گا۔ 19 وہ دن ہوگا ایک دُوسرے کے مقابلے میں لوگوں کی ہار جیت کا۔20 جو اللہ پر ایمان لایاہے اور نیک عمل کرتا ہے، 21 اللہ اُس کے گناہ جھاڑ دے گا اور اُسے ایسی جنّتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ یہ لوگ ہمیشہ ہمیشہ ان میں رہیں گے۔ یہی بڑی کامیابی ہے۔

اور جن لوگوں نے کُفر کیا ہے اور ہماری آیات کو جُھٹلایا ہے 22 وہ دوزخ کے باشندے ہوں گے جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور وہ بد ترین ٹھکانہ ہے۔ ؏۱

23 کوئی مصیبت کبھی نہیں آتی مگر اللہ کے اِذن ہی سے آتی ہے۔ 24 جو شخص اللہ پر ایمان رکھتا ہو اللہ اس کے دل کو ہدایت بخشتا ہے، 25 اور اللہ کو ہر چیز کا علم ہے۔ 26

اللہ کی اطاعت کرو اوررسُول کی طاعت کرو۔ لیکن اگر تم اطاعت سےمُنہ موڑتے ہو تو ہمارے رسُول پر صاف صاف حق پہنچادینے کے سوا کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔ 27

اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی خدا نہیں، لہٰذا ایمان لانے والوں کو اللہ ہی پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔ 28

اے لوگو جو ایمان لائے ہو، تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے بعض تمہارے دشمن ہیں، ان سے ہوشیار رہو۔ اور اگر تم عفوودرگزر سے کام لو اور معاف کردو تو اللہ غفور و رحیم ہے۔ 29

تمہارے مال اور تمہاری اولاد تو ایک آزمائش ہیں، اور اللہ ہی ہے جس کے پاس بڑا اجر ہے۔ 30

لہٰذا جہاں تک تمہارے بس میں ہو اللہ سے ڈرتے رہو، 31 اور سنو اور اطاعت کرو، اوراپنے مال خرچ کرو، یہ تمہارے ہی لیے بہتر ہے۔ جو اپنے دل کی تنگی سے محفوظ رہ گئے بس وہی فلاح پانے والے ہیں۔ 32

اگر تم اللہ کو قرضِ حَسَن دو تو وہ تمہیں کئی گُنا بڑھا کر دے گا 33 اور تمہارے قصوروں سے در گزر فرمائے گا، اللہ بڑا قدردان اور بردبار ہے، 34

حاضر اور غائب ہر چیز کو جانتا ہے، زبردست اور دانا ہے۔ ؏۲